پوری قوم دہشت گردوں کا خاتمہ چاہتی ہے، صدر زرداری

2
17

J. Iqbal

اسلام آباد;صدر آصف زرداری سے کینیڈا کے وزیر دفاع پیٹر میکے نے ملاقات کی ہے ۔ صدر کا کہنا ہے کہ عسکریت پسندوں کے خلاف جاری کارروائی کو پوری قوم کے ساتھ اب سیاسی جماعتوں کی بھی حمایت حاصل ہے اور قوم دہشت گردی کے عفریت کا خاتمہ چاہتی ہے۔ایوان صدر اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں وزیر دفاع احمد مختار،وزیر داخلہ رحمان ملک،صدر کے سیکرٹری جنرل سلمان فاروقی اور کینیڈا کے پاکستان میں ہائی کمشنر بھی موجود تھے۔ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر صدر زرداری نے دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ حکومت قانون کی بالا دستی کے لئے ریاستی عمل داری کو یقینی بنائے گی اور اسے بحال رکھا جائے گا۔صدر نے کہا کہ قوم متاثرہ علاقوں میں امن کو یقینی بنانے کے لیے دہشت گردی کے عفریت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا چاہتی ہے۔صدر نے کہا کہ حکومت نقل مکانی کرنے والوں کی بحالی اور بہتری کے لئے پرعزم ہے اور عوام اور امدادی اداروں کے تعاون سے ان کی بحالی اور امداد کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے زور دیا کہ نقل مکانی کرنے والے افراد کی بحالی کے لئے عالمی امداد کی ضرورت ہے۔صدر نے کہا کہ پاکستان سوویت یونین کے خلاف جنگ کا خمیازہ بھگت رہا ہے اور اب عالمی برادری کو دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی بھرپور مدد کرنی چاہئیے۔ اس موقع پر کینیڈا کے وزیر دفاع پیٹر میکے نے صدر کو یقین دہانی کرائی کہ مشکل کی اس گھڑی میں کنیڈا پاکستان کے ساتھ ہے۔انہوں نے کہا کہ کینیڈا عسکریت پسندی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مزید مدد کرنا چاہتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نقل مکانی کرنے والوں کی بحالی اور تعمیرنو کے لیے ہر ممکن مدد کی جائے گی جبکہ کینیڈا فرینڈز آف پاکستان کے فورم پر بھی پاکستان سے تعاون جاری رکھے گا۔

2 COMMENTS

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here