فوج کو عسکریت پسندوں کے مکمل خاتمے کا حکم دے دیا،وزیراعظم

0
22

J. Iqbal
اسلام آباد:وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے فوج کو عسکریت پسندوں کے مکمل خاتمے کا حکم دے دیاہے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ پوری قوم متحد ہو کر دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کے خلاف حکومت اور فوج کا ساتھ دے۔ وزیر اعظم نے متاثرہ علاقوں سے نقل مکانی کرنے والوں کیلئے ایک ارب روپے امداد کا اعلان بھی کیا ۔قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ شدت پسندوں کے مکمل خاتمے کے لیے فوج طلب کر لی گئی ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ قوم متحد ہو کر شدت پسندوں کے خلاف حکومت اور فوج کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ سوات اور مالاکنڈ کی سورت حال پر قوم میں تشویش پائی جاتی ہے۔ سوات کی صورت حال پر سیاسی قوتوں کو اعتماد میں لینے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ سوات کے معاملے میں اندرونی اور بیرونی دباؤ کا سامنا رہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی نیک نیتی اور امن پسندی کو اس کی کمزوری سمجھا گیا ۔ شدت پسندوں کی وجہ سے سوات اور مالاکنڈ سے لاکھوں افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے۔ حکومت دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کے آگے سر نہیں جھکائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ باہمی اتحاد کے ذریعے ہی چیلنجز کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ قوم کو ملکی سلامتی اور اقتصادی ترقی جیسے دو بڑے چیلنجز کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اختلاف رائے رکھنے والوں پر کفر کے فتوے لگائے جا رہے ہیں۔ دہشت گرد اور انتہا پسند اپنا خوف دوسرے علاقوں تک پھیلانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نقل مکانی کرنے والوں کی مدد کے لیے ایک ارب روپے فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے بھی بے گھر افراد کی بحالی کے لیے مدد کی اپیل کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی آزادی اور خود مختاری پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here